اس طرح یاد آنے سے کیا فائدہ
مفت احساں جتانے سے کیا فائدہ
جس جگہ دل ہی جھکتا نہیں آپ کا
اس جگہ سر جھکانے سے کیا فائدہ
ختم کچھ دم میں ہو جائے گی روشنی
شمع کی لو بڑھانے سے کیا فائدہ
اپنے دشمن سے واقف تو ہیں ہم مگر
نام اس کا بتانے سے کیا فائدہ
کھل کے ہنسیے تباہی پہ میری حضور
زیر لب مسکرانے سے کیا فائدہ
اپنے دل سے میں کرتا ہوں اکثر سوال
ان کی محفل میں جانے سے کیا فائدہ
اور ابھریں گے نقش قدم آپ کے
میری تربت مٹانے سے کیا فائدہ
نیچی نظریں اٹھاتے تو اک بات تھی
جام آگے بڑھانے سے کیا فائدہ
جن کو آتا تھا وہ تو نہ آئے سعید
موسم گل کے آنے سے کیا فائدہ
سعید شہیدی
No comments:
Post a Comment