Saturday 23 September 2023

بنا جرم کے دیکھو پکڑی ہوئی

 بِنا جرم کے دیکھو پکڑی ہوئی

میں رِیتوں رواجوں میں جکڑی ہوئی

میں مردہ ہوں اور لاش اکڑی ہوئی

کروں کیا میں مجبور ہاری ہوئی

لاچار غیرت پے واری ہوئی

عجب ان کی منطق پہ حیران ہوں

سمجھتے ہیں جو یہ میں بے جان ہوں

یہ مانیں گے کب میں بھی انسان ہوں

کروں کیا میں مجبور

لاچار غیرت پہ واری ہوئی

وہ چاہیں گے جب بھی مجھے مار دیں

یوں غیرت پہ اپنی مجھے وار دیں

لگا کر وہ داؤ مجھے ہار دیں

کروں کیا میں مجبور

لاچار غیرت پہ واری

نہ بولوں میں کچھ دکھ کو سہتی رہوں

جو چاہیں وہی بس میں کہتی رہوں

مجھے جیسے رکھیں میں رہتی رہوں

کروں کیا میں مجبور

لاچار غیرت پہ واری ہوئی

میں ٹھکرائی ہوئی ان کے مزاجوں کی ہوں

میں روندھی ہوئی بھی سماجوں کی ہوں

میں باندھی ہوئی سب رواجوں کی ہوں

کروں کیا میں مجبور ہاری

لا چار غیرت پہ واری ہوئی

مجھے میرا میکہ ہی دے گا کفن

بنیں گے مِرے بھائی ہی گورکن

یہی زندگی میں ہے دار و رسن

کروں کیا میں مجبور ہاری ہوئی

لاچار غیرت پہ واری ہوئی

جو چاہوں تو دھرتی ہلا دوں ابھی

بدلے وہ سب کے چکا دوں ابھی

اور میں سویا مقدر جگا دوں ابھی

کروں کیا میں مجبور ہاری ہوئی

لا چار غیرت پہ واری ہوئی


نائلہ بٹ

No comments:

Post a Comment