Wednesday, 27 September 2023

احساس کا قصہ ہے سنانا تو پڑے گا

 احساس کا قصہ ہے سنانا تو پڑے گا 

ہر زخم کو اب پھول بنانا تو پڑے گا 

ممکن ہے مِرے شعر میں ہر راز ہو لیکن 

اک راز پسِ شعر چھپانا تو پڑے گا 

آنکھوں کے جزیروں پہ ہیں نیلم کی قطاریں 

خوابوں کا جنازہ ہے اٹھانا تو پڑے گا 

چہرے پہ کئی چہرے لیے پھرتی ہے دنیا 

اب آئینہ دنیا کو دکھانا تو پڑے گا 

ذہنوں پہ مسلط ہیں سیہ سوچ کے بادل 

ظلمت میں دِیا دل کا جلانا تو پڑے گا 

وہ دشمنِ جاں جان سے پیارا بھی ہمیں ہے 

رُوٹھے وہ اگر اس کو منانا تو پڑے گا 

رشتوں کا یہی وصف ہے ذاکر کی نظر میں 

کمزور سہی رشتہ نبھانا تو پڑے گا


ذاکر خان

No comments:

Post a Comment