جو باقی ہے سفر آساں نہیں ہے
سبھی کچھ ہے ولیکن ماں نہیں ہے
ہمیں تکلیف دیتی ہے تسلی
ہمارے درد کا درماں نہیں ہے
سُنا کہتی تھی اک شاخِ بُریدہ
بتاؤ! پیڑ تو عُریاں نہیں ہے
تمہاری بزم سے اُکتا گیا ہوں
سبھی یزداں کوئی انساں نہیں ہے
کوئی یوسف نہ ہے یعقوب کوئی
٭اُکاڑا ہے کوئی کِنعاں نہیں ہے
کسی سے کیا گِلہ اس زندگی پر
ہماری آنکھ بھی گِریاں نہیں ہے
بہت سے پیڑ ہیں گو دوستی کے
سبھی بے پھل کسی کی چھاں نہیں ہے
خیال و خواب بنجر ہو چکے ہیں
کسی اِمکان کا اِمکاں نہیں ہے
بہت بھوگا ہے خسرو زندگی کو
کہ جینے کا بھی اب ارماں نہیں ہے
ڈاکٹر فضل احمد خسرو
اوکاڑا کو مقامی آبادی ٭اُکاڑا کے نام سے پکارتی ہے۔
No comments:
Post a Comment