رکھتا نہیں جنگل کے درندوں کا بھی ڈر میں
لیکن ہُوں بہت خوفزدہ تُجھ سے بشر میں
دل💗میرا کُشادہ ہے، نہیں تنگ نظر میں
لیکن نہیں کہتا ہوں کبھی شب کو سحر میں
دیکھا نہیں جاتا ہے بھٹکنا تِرا راہی
آ ساتھ، دُِکھاتا ہوں تجھے راہگزر میں
تھوڑی سی جو پی لی ہے تو ہنگامہ بپا کیوں
کیا آپ نہیں جانتے ہوں ایک بشر میں
قوموں کی تباہی میں تِرا ہاتھ رہا ہے
پہچانتا ہوں خُوب تُجھے راہبر میں
وہ جادۂ حق پر مُجھے چلنے نہیں دیتا
مُدّت ہوئی شیطان کے ہوں زیر اثر میں
وہ میرا مخالف ہے، بغاوت پہ تُلا ہے
جس شخص کو دیتا تھا دُعا شام و سحر میں
اک پل کا بھروسہ نہیں مر جاؤں گا اک دن
تعمیر مگر کرتا ہوں سو لاکھ کا گھر میں
اندازہ ہُوا ہو گا تمہیں میری غزل سے
شبنم ہے تخلص مِرا شعلہ ہُوں مگر میں
شبنم بھٹکلی
حنیف شاہ
No comments:
Post a Comment