وِصال راس نہیں ہجر سازگار نہیں
جہانِ عشق میں دل کو کہیں قرار نہیں
ابھی ہے سلسلۂ امتحانِ بے تابی
ابھی ہمارے موافق مزاجِ یار نہیں
بہار وہ ہے کہ جس پر خزاں کا بس نہ چلے
جو آئے، اور چلی جائے وہ بہار نہیں
ہمیں چمن کے ہر اک ذرے سے محبت ہے
یہاں کا خار بھی اپنی نظر میں خار نہیں
کرو نہ تبصرہ تم میری بند آنکھوں پر
وہ جلوے دیکھ رہا ہوں جو آشکار نہیں
مسافرانِ عدم تیز گام تھے کتنے
تمام عُمر چلے پاؤں پر غُبار نہیں
وفا کروں بھی تو میں کس اُمید پر موسیٰ
جفا پرست زمانے کا اعتبار نہیں
محمد موسیٰ ساگری بھوپالی
No comments:
Post a Comment