تڑپ حیات سے باہم نہیں تو کچھ بھی نہیں
خُوشی کے ساتھ اگر غم نہیں تو کچھ بھی نہیں
ہزار روئیے حالِ تباہ پر اپنے
کسی کی آنکھ اگر نم نہیں تو کچھ بھی نہیں
تمہاری بات مسیحا صِفت سہی، لیکن
ہمارے زخم کا مرہم نہیں تو کچھ بھی نہیں
غلط ہے خُون کے آنسو بہانا مرنے پر
جو زندہ لاش کا ماتم نہیں تو کچھ بھی نہیں
ہزار رنگ سے محفل سجا کے تم دیکھو
تمہارے ساتھ اگر ہم نہیں تو کچھ بھی نہیں
چمن کو ناز نہ ہو جس پر وہ بہار ہی کیا
اگرچہ پھُول پہ شبنم نہیں تو کچھ بھی نہیں
نظر ضرور ہے ہاتھوں میں ان کے جام مگر
نظر میں کیف کا عالم نہیں تو کچھ بھی نہیں
نظر جالنوی
غلام ادریس
No comments:
Post a Comment