Saturday, 18 April 2015

خلق نے اک منظر نہیں دیکھا بہت دنوں سے

خلق نے اک منظر نہیں دیکھا بہت دنوں سے
نوکِ سناں پہ سر نہیں دیکھا بہت دنوں سے
پتھر پہ سر رکھ کر سونے والے دیکھے
ہاتھوں میں پتھر نہیں دیکھا بہت دنوں سے
قاتل جس کی زد سے خود محفوظ رہ سکے
ایسا کوئی خنجر نہیں دیکھا بہت دنوں سے
اپنے ہی خیموں پر جو شب خوں نہ مارے
ایسا کوئی لشکر نہیں دیکھا بہت دنوں سے
شاخِ بریدہ کھلی فضا سے پوچھ رہی ہے
کوئی شکستہ پر نہیں دیکھا بہت دنوں سے
زنداں، اہلِ جنوں کو شاید راس آ گیا
دیواروں میں در نہیں دیکھا بہت دنوں سے
خاک اڑانے والے لوگوں کی بستی میں
کوئی صورت گر نہیں دیکھا بہت دنوں سے
سچے سائیں ہمارے حضرت مہر علی شاہؒ
بابا! ہم نے گھر نہیں دیکھا بہت دنوں سے

افتخار عارف

No comments:

Post a Comment