Monday 18 April 2016

وہ حد سے دور ہوتے جا رہے ہیں

وہ حد سے دُور ہوتے جا رہے ہیں

بڑے مغرُور ہوتے جا رہے ہیں

بسے ہیں جب سے وہ میری نظر میں

سراپا نُور ہوتے جا رہے ہیں

جو پھوٹے آبلے دل کی خلش سے

وہ اب ناسُور ہوتے جا رہے ہیں

بہت مشکل ہے منزل تک رسائی

وہ کوسوں دُور ہوتے جا رہے ہیں

کہاں پہلی سی راہ و رسمِ الفت

نئے دستُور ہوتے جا رہے ہیں

ہمارے داغِ دل، راہِ طلب میں

چراغِ طُور ہوتے جا رہے ہیں

خدا حافظ ہے اب بادہ کشوں کا

نشے میں چُور ہوتے جا رہے ہیں

پِلا دے ساقیا بادہ کشوں کو

نشے کافُور ہوتے جا رہے ہیں

قریبِ دل وہ کیا اے نازؔ آئے

نظر سے دُور ہوتے جا رہے ہیں 


ناز دہلوی 

No comments:

Post a Comment