Monday, 18 April 2016

تیرے افسانے سناتے ہیں مجھے

تیرے افسانے سُناتے ہیں مجھے
لوگ اب بھُولتے جاتے ہیں مجھے
قُمقُمے بزمِ طرب کے جاگے
رنگ کیا کیا نظر آتے ہیں مجھے 
میں کسی بات کا پردہ ہوں کہ لوگ
تیری محفل سے اُٹھاتے ہیں مجھے
زخم آئینہ بنے جاتے ہیں
حادثے سامنے لاتے ہیں مجھے
نیند بھی ایک ادا ہے تیری
رات بھر خواب جگاتے ہیں مجھے
تیرے کُوچے سے گُزرنے والے
کتنے اونچے نظر آتے ہیں مجھے
ان کے بگڑے ہوئے تیور باقیؔ
زیست کی یاد دِلاتے ہیں مجھے

باقی صدیقی

No comments:

Post a Comment