Monday, 18 April 2016

اپنے پہلو سے وہ غیروں کو اٹھا ہی نہ سکے

اپنے پہلو سے وہ غیروں کو اٹھا ہی نہ سکے
ان کو ہم قصۂ غم اپنا سنا ہی نہ سکے
ذہن میرا وہ قیامت کہ دو عالم پہ محیط
آپ ایسے کہ مِرے ذہن میں آ ہی نہ سکے
عقل مہنگی ہے بہت، عشق خلافِ تہذیب
دل کو اس عہد میں ہم کام میں لا ہی نہ سکے
ہم تو خود چاہتے تھے چین سے بیٹھیں کوئی دم
آپ کی یاد مگر دل سے بھلا ہی نہ سکے
عشق کامل ہے اسی کا کہ پتنگوں کی طرح
تاب نظارۂ معشوق کی لا ہی نہ سکے
دامِ ہستی کی بھی ترکیب عجب رکھی ہے
جو پھنسے اس میں وہ پھر جان بچا ہی نہ سکے
مظہرِ جلوۂ جاناں ہے ہر اک شے اکبرؔ
بے ادب آنکھ کسی سمت اٹھا ہی نہ سکے
ایسی منطق سے تو دیوانگی بہتر اکبرؔ
کہ جو خالق کی طرف دل کو جھکا ہی نہ سکے

اکبر الہ آبادی

No comments:

Post a Comment