Tuesday 27 September 2016

چاک کرتے ہیں گریباں اس فراوانی سے ہم

چاک کرتے ہیں گرِیباں اس فراوانی سے ہم
روز خلعت پاتے ہیں دربارِ عریانی سے ہم
منتخب کرتے ہیں میدانِ شکست اپنے لیے
خاک پر گِرتے ہیں لیکن اوجِ سلطانی پہ ہم
ہاں میاں! دنیا کی چم خم خوب ہے اپنی جگہ
بس ذرا گھبرا گئے ہیں دل کی وِیرانی سے ہم
ہم زمینِ قتل گِہ پر چلتے ہیں سینے کے بَل
جادۂ شمشیر سر کرتے ہیں پیشانی سے ہم
ضعف ہے حد سے زیادہ لیکن اس کے باوجود
زندگی سے ہاتھ اٹھا سکتے ہیں آسانی سے ہم
دل سے باہر آج تک ہم نے قدم رکھا نہیں
دیکھنے میں ظاہراً لگتے ہیں سیلانی سے ہم
دولتِ دنیا کہاں رکھیں، جگہ بھی ہو کہیں
بھر چکے ہیں اپنا گھر بے سازوسامانی سے ہم
عقل والو! خیر جانے دو، نہیں سمجھو گے تم
جس جگہ پہنچے ہیں راہ چاک دامانی سے  ہم
کاروبارِ زندگی سے جی چراتے ہیں سبھی
جیسے درویشی سے تم، مثلاً جہاں بانی سے ہم

احمد جاوید

No comments:

Post a Comment