مذہبی رہنما
کہ مذہب ہار جاتا ہے سیاست جیت جاتی ہے
مجھے اپنی ہمہ دانی کے اوپر عزمِ راسخ ہے
سو میں بے تاب ہو کر پرچمِ مذہب اٹھاتا ہوں
اور اس کی چھتر چھایا میں
مفاداتِ دُنی کے قافلے کو لے کے چلتا ہوں
میں اپنے مرکبِ پر رنگ کی چھت پر کھڑے ہو کر
بڑی خود اعتمادی سے
سماعت پاش لہجے میں
بہت ہی پر کشش نعرے لگاتا ہوں
اور اپنے ملک کے مایوس لوگوں کو بلاتا ہوں
انہیں میں درس دیتا ہوں عبادت کا
انہیں میں واسطہ دیتا ہوں مذہب کا
وہاں سے موڑ کر میں ان کو لاتا ہوں سیاست پر
مقاصد کو عقائد سے
عقائد کو سیاست سے
میں یوں الجھا کے چلتا ہوں
حقیقت ڈبکیاں کھاتی ہے باطل کے سمندر میں
بظاہر مذہبی فرقہ بناتا ہوں
مگر دراصل میں بنیاد رکھتا ہوں
سیاسی جرگہ بندی کی
مری اس شعبدہ بازی کے حاصل میں
اک ایسا وقت آتا ہے
کہ مذہب ہار جاتا ہے
سیاست جیت جاتی ہے
مجھے اپنی ہمہ دانی کے اوپر عزمِ راسخ ہے
گٹ اپ ایسا بناتا ہوں کہ خلقت رشک کرتی ہے
میں دینی محفلوں میں
وعظ دیتا ہوں تعصب کا
بصد ایقان و خودبینی
سبق دیتا ہوں نفرت کا
میں جب تقریر کرتا ہوں
تو ممبر کانپ اٹھتا ہے
دہل جاتی ہیں دیواریں
درو محراب تپتے ہیں
اداکاری کے جوہر میں دکھاتا ہوں سرِ محفل
سکوت و صوت کے آہنگ سے
میں ایسا جال بُنتا ہوں کہ محفل جھوم اٹھتی ہے
میں ان کے ہاتھ میں تلوار دے کر ان سے کہتا ہوں
علمبردارِ حق تم ہو
سپاہی ہو صداقت کے
کرو یورش، الٹ ڈالو نظامِ امنِ ملت کو
مرے زیرِ اثر لوگوں کا اک مخصوص حلقہ ہے
جو سادہ لوح ہوتے ہیں
بہت معصوم ہوتے ہیں
جو مذہب کے علمبردار ہوتے ہیں
اصولِ دین سے سرشار ہوتے ہیں
وہ جاں دینے کو مذہب کے لیے تیار ہوتے ہیں
میں ان کے ذہنِ سادہ کو جکڑ دیتا ہوں سانچے میں
انہیں محصور کر لیتا ہوں اپنی مشتِ آہن میں
میں ان کو منجمد کر کے
انہیں مفلوج کر کے اپنے
مقصد کے لیے استعمال کرتا ہوں
حصولِ جاہ کی خاطر
دکاں ایسی سجاتا ہوں
سیاست جس پہ غالب ہو
فضا اعظمی
No comments:
Post a Comment