بند ہو جائے مِری آنکھ اگر
اس دریچے کو کھلا رہنے دو
یہ دریچہ ہے افق آئینہ
اس میں رقصاں ہیں جہاں کے منظر
اس دریچے کو کھلا رہنے دو
چاند کی شام
ستاروں کی سحر
اس دریچے کو کھلا رہنے دو
اس دریچے سے کیے ہیں میں نے
کئی بے چشم نظارے
کئی بے راہ سفر
اس دریچے کو کھلا رہنے دو
یہ دریچہ ہے مِرے شوق کا چاکِ داماں
مِری بدنام نگاہیں، مِری رسوا آنکھیں
یہ دریچہ ہے مِری تشنہ نظر
بند ہو جائے مِری آنکھ اگر
اس دریچے کو کھلا رہنے دو
صوفی تبسم
No comments:
Post a Comment