Monday 26 October 2020

یہ نہ ہو اک یہی ساتھی رہ جائے

یہ نہ ہو اک یہی ساتھی رہ جائے
ہجرِ فانی ہی نہ باقی رہ جائے
دن کی تدفین میں شامل ہو چراغ
اور اک لو جو بھڑکتی رہ جائے
نقش پا رکھ کےچلا جائے کوئی
اور یہ رہ انہیں تکتی رہ جائے
جیسے تصویر ہٹالے کوئی
اور دیوار اکیلی رہ جائے
بھیگتا جائے الاؤ، مگر آگ
تہِ خاشاک سلگتی رہ جائے
سانس آتا ہو مگر ہوک کے ساتھ
بانسری ہجر میں روتی رہ جائے
جام ہاتھوں میں ہو کرچی کی طرح
قہقہہ ٹوٹ کے سسکی رہ جائے
اس کی خوشبو بھی غنیمت ہے سعود
سبھی جاتے ہوں تو جو بھی رہ جائے

سعود عثمانی

No comments:

Post a Comment