Wednesday, 28 October 2020

آؤ چائے پئیں اور کھو جائیں

 آؤ ذکر کریں

کچھ لمحوں کا

اک چائے پئیں

اک چائے جئيں

اک مگ ہو بھاپ اڑاتا ہوا

اک مگ ہو ساتھ نبھاتا سا

کچھ مدھم سى سرگوشی میں

بس ہوا کى آہٹ آتى ہو

کچھ تم چپ ہو کچھ میں نہ کہوں

بس ہم تم ہوں

دو مگ شگ ہوں

کچھ دھواں دھواں سا اٹھتا ہو

اور سامنے رکھے عشق کے مگ

يعنى چائے کے مگ

اک گھونٹ بھریں، دو سانس رکيں

پل دو پل میں صدياں گزریں

آؤ ذکر کریں

آؤ چائے پئیں

میری چائے میں تیرتے پتى کے

کچھ دانے شانے سير پہ ہوں

تیرى چائے میں ميٹھا رقص پہ ہو

میری چائے کو تیرى نٹھ کھٹ سے

تھوڑا دور رکھوں ہل چل نہ ہو

گڑ بڑ نہ ہو

تیرى چائے کو اتنى خبر بھى ہو

میری چائے کو میٹھا پسند نہیں

تیرى چائے کا رنگ تھوڑا گہرا ہے

تھوڑا ٹھہرا ہے

میری چائے کا رنگ بڑا گدلا سا

کچھ گاڑھا سا

تھوڑا کڑوا سا

میں سپ سپ کر کے جان بھروں

تم گھونٹ گھونٹ میں ختم کرو

ديکھو، صبر کرو

يہ چائے ہے، کون سا گھڑياں ہیں؟

کہ ختم کرو، تھوڑا صبر کرو

چلو چھوڑو اب یہ نوک جھونک

باتیں شاتيں

کہيں تھک نہ جائیں

خاموشى کى زباں میں بول کے ہم اور چائے

آؤ چائے پئیں

آؤ ذکر کریں

کچھ دیر اس دنیا سے کٹ کر

بس اپنی اپنی بات کریں

تیرى گمشدگی مجھے راس نہیں

آؤ اک دوجے میں سو جائیں

آؤ چائے پئیں اور کھو جائیں

کوئی رقص ہو بسمل بسمل سا

کوئی تال بجے، کسى ساز پہ ہم

دو چائے کے آخرى گھونٹ بھریں

صدياں جى ليں

دنیا بھوليں

آؤ چائے پئیں

آؤ ذکر کریں


نامعلوم

1 comment:

  1. چائے دنیا کے محبوب ترین مشروبات میں سے ایک ہے۔


    چائے

    ReplyDelete