Thursday 29 October 2020

اری لڑکی اری بھاگوں بھری لڑکی پری لڑکی

پری لڑکی


اری لڑکی، اری بھاگوں بھری لڑکی

پری لڑکی

تمناؤں کی فصلیں مت اُگا دل پر

یہ فصلیں خواب زادوں کا لہو تک چوس لیتی ہیں

پری لڑکی، یہ دنیا ہے

یہاں احساس کی باگوں کے بَل پر

بے تحاشا بھاگنے والے

زیادہ جاگنے والے

محبت راگنے والے، بہت نقصان اٹھاتے ہیں

پری لڑکی، اذیت جھیلنا

لفظوں میں رکھے خوابیوں سے کھیلنا

غم ریلنا بے کار جاتا ہے

پری لڑکی یہ دنیا ہے

یہاں تیری نگاہوں میں دھرے

امید کے ٹَکسال کے سِکے نہیں چلتے

وہ سپنوں کے دِیے

ان میں دھڑکتی تازگی کی لَو

جسے تُو نے بہت سے رَتجگے پُن کر بنایا ہے

پری لڑکی، یہاں تو وہ نہیں جلتے

تُو جن پیڑوں پہ دھاگے باندھتی ہے

وہ نہیں پَھلتے

یہ خوابوں، جگنوؤں، تاروں، دھنک ریزوں

کے قصے دیر تک دل میں نہیں پلتے

محبت کے شگوفے سی ہری لڑکی

یہ دنیا ہے پری لڑکی


عبدالرحمان واصف 

No comments:

Post a Comment