Wednesday 28 October 2020

خزاں کے آخری دن

خزاں کے آخری دن تھے

بہار آئی نہ تھی لیکن

ہوا کے لمس میں اک بے صدا سی نغمگی محسوس ہوتی تھی

درختوں کے تحّیر میں

کسی بے آسرا امید کی لَو تھرتھراتی تھی

گزرگاہوں میں اڑتے خشک پتے

اجنبی لوگوں کے قدموں سے لپٹتے اور الجھتے تھے

تو اک بھولی ہوئی تصویر جیسے کوند جاتی تھی

ہر اک منظر کے چہرے پر

لرزتی بے کلی کی ریشمیں چلمن کشیدہ تھی

نظر رستہ نہ پاتی تھی

کچھ ایسا ہی سماں تھا جب

وہ میرے بخت کے صحرا میں ساون کی طرح اتری

میرے سانسوں میں مہکی تھی

نگاہوں کے ستارے، آرزو کے استعارے تھے

تمناؤں کے سیلِ شوق میں بہنے لگی تھی وہ

میرے سینے پہ سر رکھ کر اچانک مسکرائی

اور کچھ کہنے لگی تھی وہ

نہ جانے کیا تھا وہ جملہ

وہ اس کا ادھ کہا جملہ

جو غنچے کی طرح ان کانپتے ہونٹوں پہ پھوٹا تھا

اسی لمحے کوئی کوئل بڑے ہی درد سے کوکی تھی

وہ جیسے، اچانک نیند سے جاگی تھی

اور اس نے بڑے دکھ سے فلک کی سمت دیکھا تھا

وہ بولی تھی

"ستارہ شام کا روشن ہوا ہے، اب میں چلتی ہوں"

 خزاں کے آخری دن ہیں

ہوا کے لمس میں اک بے صدا سی نغمگی محسوس ہوتی ہے

کوئی مانوس سی خوشبو مرے کانوں میں کہتی ہے

پھر اس کے حسن کا محرم ترا دل ہونے والا ہے"

وہ اس کا ادھ کہا جملہ

"مکمل ہونے والا ہے


امجد اسلام امجد

No comments:

Post a Comment