Wednesday, 28 October 2020

ٹوٹ جانے میں کھلونوں کی طرح ہوتا ہے

 ٹوٹ جانے میں کھلونوں کی طرح ہوتا ہے

آدمی عشق میں بچوں کی طرح ہوتا ہے

اس لیے مجھ کو پسند آتا ہے صحرا کا سکوت

اس کا نشہ تِری باتوں کی طرح ہوتا ہے

ہم جسے عشق میں دیتے ہیں خدا کا منصب

پہلے پہلے ہمِیں لوگوں کی طرح ہوتا ہے

جس سے بننا ہو تعلق، وہی ظالم پہلے

غیر ہوتا ہے نہ اپنوں کی طرح ہوتا ہے

چاندنی رات میں سڑکوں پہ قدم مت رکھنا

شہر جاگے ہوئے ناگوں کی طرح ہوتا ہے

بس یہی دیکھنے کو جاگتے ہیں شہر کے لوگ

آسماں کب تِری آنکھوں کی طرح ہوتا ہے

اس سے کہنا کہ وہ ساون میں نہ گھر سے نکلے

حافظہ عشق کا سانپوں کی طرح ہوتا ہے

اس کی آنکھوں میں امڈ آتے ہیں آنسو تابش

وہ جدا چاہنے والوں کی طرح ہوتا ہے


عباس تابش

No comments:

Post a Comment