Saturday 1 January 2022

ہمارا دین بھی ایمان بھی خدا کا رسول

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


ہمارا دِین بھی، ایمان بھی خدا کا رسولﷺ

صدائے قلب بھی، قرآن بھی خدا کا رسولؐ

کتابِ دین بھی، جز دان بھی خدا رسولؐ

خدا کی شان بھی، پہچان بھی خدا کا رسولؐ

ہے نورِ علم بھی، عرفان بھی خدا کا رسولؐ

سمجھنے والوں کو فیضان بھی خدا کا رسولؐ

امین و صادق و کامل ہیں مصطفٰیؐ کے لقب

الف بھی لام بھی یٰسین بھی خدا کا رسولؐ

وہ گھپ اندھیروں میں اقراء کا نور لے آیا

دُعائے حمد بھی، آمین بھی خدا کا رسولؐ

جو ہو خیال کہ نقشِ قدم پہ کس کے چلیں

جو سوچئے تو وہ انسان بھی خدا کا رسولؐ

مجھے یقین ہے، کردارِ مصطفٰیﷺ کی قسم

مثالِ عدل بھی، رحمان بھی خدا کا رسولؐ

جو سوچئے تو ہے ذاتِ رسولؐ پہلو دار

جو دیکھئے تو ہے آسان بھی خدا کا رسولؐ

گو میزبانِ فلک تھا، مگر شبِ معراج

خود اپنے گھر رہا مہمان بھی خدا کا رسولؐ

زمین والوں کی باتیں فلک پہ جا پہنچیں

فلک کی مان بھی، فرمان بھی خدا کا رسولؐ

عدیل!! بات یہ معجز نُما ہے، غور کرو

ہمارے جیسا بھی، فرقان بھی خدا کا رسولؐ


عدیل زیدی

No comments:

Post a Comment