اک روز کٹہرا بولے گا
ہر ایک عدالت میں یارو
اِک چیز کٹہرا ہوتی ہے
یہ چیز بھی کیسی یکتا ہے
نہ ہنستی ہے نہ روتی ہے
اِس ایک کٹہرے نے اب تک
کیا کیا نہیں منظر دیکھے ہیں
منصور سے مُجرم دیکھے ہیں
سُقراط سے مُنکر دیکھے ہیں
یاں صوفی سنت بھی پہنچے ہیں
غدار بھی اس پر آئے ہیں
آزادی کے متوالوں نے بھی
گیت یہاں پر گائے ہیں
یہ وہی کٹہرا ہے جس پر
ہر قوم کے ہیرو آتے ہیں
کُچھ زہر پیالہ پیتے ہیں
کُچھ سُولی پہ چڑھ جاتے ہیں
یہ ایک کٹہرا کیا شے ہے
یاں کیسا کیسا کھیل ہوا
یاں اک پلڑے میں برابا
اور اک پلڑے میں عیسٰی تھا
پھر اسی کٹہرے نے دیکھا
کہ سچ کو یوں انصاف ملا
اِک قاتل مُجرم بچ نکلا
اور عیسٰی دار پہ جھول گیا
اِنصاف کی کرسی کے منصف
جو لکھتے رہے جو کہتے رہے
چُپ چاپ کٹہرا سنتا رہا
کہ اس پر وقت کے پہرے تھے
جب وقت کا پہرہ اٹھا تھا
تاریخ نے جب انصاف کیا
اِس روز کٹہرے نے اپنے
ہونٹوں کا تالا توڑ دیا
پھر صرف کٹہرا بولا تھا
ہر راز پُرانا کھولا تھا
تاریخ نے تب اعلان کیا
سب جھوٹے، عیسٰی سچا تھا
جب پھر تاریخ نے عدل کیا
اِس روز کٹہرا بولے گا
اِس دور کا عیسٰی کون بنا؟
سب راز پُرانے کھولے گا
اِک روز کٹہرا بولے گا
خالد جاوید جان
No comments:
Post a Comment