Friday, 28 January 2022

تری آواز کے مرہم سے اپنے زخم بھر لوں گی

 تری آواز کا مرہم


جو اب اک لفظ بھی بولے گا تُو

میں قید کر لُوں گی

تِری آواز کو مٹھی میں بھر لوں گی

تِری فرقت کا موسم جب مِری کھڑکی میں اترے گا

تِری آواز کا زیور پہننے کے لئے جب کان ترسیں گے

ٹھٹھکتا، دم بخود وہ وقت

آئندہ کے در سے آ کے جھانکے گا

سماعت، خامشی کے رنج میں ڈوبی

کسی آسیب میں جکڑے ہوئے جنگل کے پہلو میں

کسی ویراں حویلی کی دوپہروں سی

اماوس رات کی وحشت سے بوجھل

جھانکتی، سہمی منڈیروں سی

یہاں جب خامشی کے زہر چھلکاتے ہوئے سفاک ناخن

میرے اِن کانوں میں کچھ نیلی خراشیں چھوڑ جائیں گے

میں پھر سے مہرباں ساعت تراشوں گی

کہیں پھر رفتگاں میں جھانک کر راحت تلاشوں گی

وہی اک لفظ جو میں نے سنبھالا تھا

کسی گلرنگ لمحے میں

اسے اپنی سماعت میں انڈیلوں گی

تری آواز کے مرہم سے اپنے زخم بھر لوں گی

میں اپنی سرمئی، وِیراں سماعت

سبز کر لوں گی


عنبرین صلاح الدین

No comments:

Post a Comment