Friday 28 January 2022

پھر کسی خواب کی پلکوں پہ سواری آئی

 پھر کسی خواب کی پلکوں پہ سواری آئی

خوش اُمیدی کو لیے بادِ بہاری آئی

پھول آئے ہیں نئی رُت کے، نئی شاخوں پر

موجۂ ماہِ دلآرام کی باری آئی

نامُرادانہ کہیں عمر بسر ہوتی ہے

شاد کامی کے لیے، یاد تمہاری آئی

منتظر رہتی ہیں کس واسطے آنکھیں میری

اس گزرگاہ پہ کب اس کی سواری آئی

اور پھر پھیل گیا رنگِ محبت رُخ پر

لالۂ زخم لیے یار کی یاری آئی

ہم نے اک روز زباں کھول دی سچ کہنے کو

اور پھر شامتِ اعمال ہماری آئی

ہوس و عشق کے احوال رقم کرنے کو

پردۂ شعر میں افسانہ نگاری آئی


مہتاب حیدر نقوی

No comments:

Post a Comment