Sunday 27 February 2022

کلرکہار کا جھیل کنارہ اور اک کشتی

 کلرکہار کا جھیل کنارہ

اور کشتی میں بیٹھا چونچ لڑاتا جوڑا

گھر کو واپس جاتے پنچھی

سبز پہاڑوں پر موروں کی خفیہ باتیں

شور شرابہ، سوچ کا دھاگا

کھارے پانی میں اک بگلا 

اپنی لمبی چونچ سے کیڑے ڈھونڈ رہا ہے

ڈھلتا سورج، پیلا سورج

پیلے سورج کی پیلاہٹ

پیلا پانی، اور کہانی

تیز ہوا سے اڑتے کاغذ اور کہانی کار کی ہنسی

دوڑ بھاگو، بھاگو دوڑ

ڈھونڈ کے لاؤ

روزی روٹی، روٹی روزی

قریہ قریہ گھومو، ناچو، کرتب کر کے نوٹ کماؤ

سیدھی کروٹ، الٹی کروٹ اور قلابازی دکھلاؤ

ڈگ ڈگ ڈگ ڈگ، ڈگ ڈگ ڈگ ڈگ

بچہ جمورا گھوم کے آؤ

اور صاحب کو ایک سلامی اور کہانی

آنس معین! تم سچ کہتے ہو ہر صفحے پر ہے یکسانی

میں اک بزدل

وقت کی گرد میں دبتا دبتا

دُھندلا دُھندلا اور ادھورا

بچہ جمورا، آدھا بوڑھا

وہ ہی منظر

کلرکہار کا جھیل کنارہ

اور اک کشتی

اس میں چونچ لڑاتا جوڑا

گھر کو واپس جاتے پنچھی

سبز پہاڑوں پر موروں کی خفیہ باتیں

شور شرابہ، سوچ کا دھاگا

کھارا پانی اور اک بگلا

پس منظر میں ڈھلتا سورج

پیلا سورج

پیلے سورج کی پیلاہٹ

پیلا پانی اور ویرانی


راشد ملک

No comments:

Post a Comment