Reprisal
اسفنج نما جسم پھولے ہوئے ہوں گے
مُردہ مچھلی گھاس اُگل دے گی
غیر متوازی اور تعفن زدہ خلیوں کو
نامیاتی ذرے چبا جائیں گے
جن سے دھاتی تھکن کشید کی جائے گی
کیا ہم نہیں جانتے؟
ہڈیوں اور ناخنوں کے ٹکڑوں سے
خدائے زرد رُو اپنی آخری جنگ کے واسطے
کارتوس اور گن پاؤڈر بنا رہا ہے
ہم یقیناً بے خبر ہیں
خدا کے نتھنوں سے بہتی وحشت کا ارتکاز
اور مریخی باشندے کی چیخ ہم پر ٹوٹ پڑے گی
جینیاتی عدم تغیّر کے باوجود
پیدائشی معذور بچے کے لیے
بوکھلاہٹ اور بد ہیتی کا محلول پیتی ہوئی بوڑھیاں
نحوست کے اولیں دنوں میں
٭ بلیک وِڈو کی رال سے نیلی رگیں کات رہی ہوں گی
بانجھ عورت کا ترانہ ہمارا قومی گیت ہو گا
بعد از مرگ ہونے والی سختی کا وائرس
لمس آلود اعضاء کے شگافوں میں کود پڑے گا
ناکارہ جہاز کے ٭٭پروپیلر کی مانند
یا پھر
ادھیڑ عمر کسان کی بد دعا میں کھنکتے
مذموم اور نعش خوردہ کھیت کے جیسے
جسم، جن میں شہوت کی مقدار صفر ہے، اکڑ جائیں گے
اور پھر تڑاخ سے ٹوٹ جائیں گے
ہم وہ مردار لوگ ہیں جو سمجھتے تھے
ہمیں ٭٭٭سنستھیزیا سے نجات مل گئی تھی
حسن علوی
٭ Black Widow
٭٭ Propeller
٭٭٭ Synesthesia
No comments:
Post a Comment