Sunday, 27 February 2022

ٹھٹھرتی شب کے زینے میں

 گلدان


ٹھٹھرتی شب کے زینے میں

دسمبر کے مہینے میں

اچانک تھرتھراہٹ فون کی مجھ کو سنائی دی

وہ پہلی بار دھڑکن قلب کی بڑھتی دکھائی دی

مِرے چہرے پہ زردی جسم پر تھی کپکپی طاری

کہ سردی میں اچانک یوں پسینے ہو گئے جاری

موبائل کانپتے ہاتھوں سے تب میں نے نکالا تھا

بڑی مشکل سے خود کی غیر حالت کو سنبھالا تھا

مِری پہلی محبت نے مجھے پیغام بھیجا تھا

حسیں پھولوں کا اک گل دان میرے نام بھیجا تھا

تھا اس کا دوسرا میسج سنائیں آپ کیسے ہیں

بدل ڈالا ہے اپنا بچپنا یا اب بھی ویسے ہیں

جواباً یہ کہا کہ بچپنے میں کون رہتا ہے

زمانے کی سبھی یہ تلخیاں ہر کوئی سہتا ہے

ملاقاتوں کا اس دن سے ہوا تھا سلسلہ جاری

ہمارا گفتگو میں دن گزرتا اور شب ساری

مجھے بچپن کی ساری وارداتیں وہ سناتی تھی

وہ اپنی ہر سہیلی کی سبھی باتیں بتاتی تھی

مِرے کپڑوں کا جوڑا جیب خرچی سے بنایا تھا

مجھے اس نے، اسے میں نے سدا دل میں بسایا تھا

ملاقاتیں رہی جاری ہماری سات سالوں تک

رسائی اس نے پائی تھی مِرے خوابوں خیالوں تک

اچانک پھر دسمبر میں سلام آخری بھیجا

نجانے کس وجہ سے وہ پیام آخری بھیجا

مِرے تحفے تحائف اب تلک اس نے سنبھالے ہیں

لبوں پر پھر نجانے کیوں لگائے اس نے تالے ہیں

دسمبر کی وہ پہلی شب ہمارے نام لکھ دی ہے

کہ میسج آخری میں زندگی کی شام لکھ دی ہے


تجمل عباس جارب

No comments:

Post a Comment