Friday, 22 April 2022

ہم نے اللہ کے محبوب کا گھر دیکھا ہے

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


جو مقدس ہے زمانے میں مگر دیکھا ہے

ہم نے اللہ کے محبوبﷺ کا گھر دیکھا ہے

جس سے لوٹا ہی نہیں کوئی بھی مایوس کبھی

جو ہے بے مثل زمانے میں، وہ در دیکھا ہے

ظلمتِ جاں کو کیا جس کی کرن نے روشن

شہرِ رحمت میں عجب نور سحر دیکھا ہے

میری جھولی میں گرے اشک گہر بن بن کر

میں نے دامن میں دعاؤں کا اثر دیکھا ہے

میں نے دیکھے ہیں برستے ہوئے انوار یہاں

لطف ہر لحظہ باندازِ دگر دیکھا ہے

جب کبھی اٹھ گئی اطرافِ مدینہ پہ نظر

سایۂ لطف کو تا حد نظر دیکھا ہے

ان کے دربار میں یارائے دعا بھی نہ رہا

اپنی لکنت پہ کرم ان کا مگر دیکھا ہے

کون گلہائے عنایت کو سمیٹے حافظ

تنگ ہر شخص نے دامانِ نظر دیکھا ہے


حافظ لدھیانوی

No comments:

Post a Comment