Sunday, 3 April 2022

کھڑا کب سے میرے لیے منتظر

 میرا منتظر


کسی کے قدم دھیرے دھیرے

مرے دل کی سرحد کو چُھونے لگے ہیں

وہ دستک مِرے دل پہ دینے لگے ہیں

محبت تو مجھ پر برسنے لگی ہے

مِری روح جل تھل وہ کرنے لگی ہے

مگر، میں ابھی تو

گِھری ہوں تذبذب میں اور 

مبتلا ہے شش و پنج میں دل

اسے دیکھتی ہوں، اسے سوچتی ہوں

زباں گُنگ ہے میری، لیکن

محبت تو مجھ پر برسنے لگی ہے

مِری روح جل تھل وہ کرنے لگی ہے

میں جذبے کی شدت کو

حدت کو محسوس کرنے مِیں گم ہوں

کسی ایسے لمحے کی ہوں منتظر میں

جہاں سارے خدشات دم توڑ جائیں

امیدیں، دعائیں مِری رنگ لائیں

عمل سے محبت کا وہ عکس جھلکے

جسے دیکھ کر دل کا منظر بھی بدلے

تذبذب کے سارے نشاں جو مٹائے

فضا ہو معطر، یقیں سر اٹھائے

قدم دھیرے دھیرے، اسی سمت جائے

جہاں پھول تھامے وہ ہاتھوں مِیں اپنے

کھڑا کب سے میرے لیے منتظر ہو


سبیلہ انعام صدیقی

No comments:

Post a Comment