اب کہاں ملتے ہیں بے وجہ رُلانے والے
ہر نئی رُت میں نیا شہر بسانے والے
میں تو بیٹھی ہوں ہتھیلی پہ لیے دل اپنا
راہ دشوار سہی،۔ آئیں گے آنے والے
جانے کب ہو گی ملاقات دوبارہ اپنی
اک نظر دیکھ تو لے چھوڑ کے جانے والے
پیاس صدیوں کی لیے ہونٹوں پہ اُلجھے ہوئے لوگ
ایسا لگتا ہے کہ ہیں اپنے گھرانے والے
ایک وقت آئے گا وہ خود ہی چلے آئیں گے
دیدہ و دل میں نئی شمعیں جلانے والے
تُو ہی بتلا دے مجھے اب وہ کہاں ہیں اے ناز
اپنی آمد سے مِرے گھر کو سجانے والے
مظفرالنساء ناز
No comments:
Post a Comment