Thursday, 24 July 2025

چلو تشنہ لبو جاری ہیں میخانے محمد کے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


چلو تشنہ لبو جاری ہیں مے خانے محمدﷺ کے

چھلکتے ہیں مئے عرفاں سے پیمانے محمدﷺ کے

انہیں بخشا ہے تاج رحمت اللعالمیںﷺ حق نے

کرم سب پر ہیں اپنے ہوں کہ بیگانے محمدﷺ کے

علاجِ ذہن و جسم و روح ہوتا ہے، ادھر آؤ

زمانے سے نرالے ہیں شفا خانے محمدﷺ کے

وہ ہو بزمِ شریعت یا ہو عالم جذب و مستی کا

نرالا بانکپن رکھتے ہیں مستانے محمدﷺ کے

یہ سجدہ آج بھی کرتے ہیں تلواروں کی دھاروں پر

کہیں ڈرتے ہیں باطل سے یہ دیوانے محمدﷺ کے

وہ ہو بدر و حنین و کربلا یا قبلۂ اول

لہو سے داستاں لکھتے ہیں دیوانے محمدﷺ کے

جو حرف آنے کا خطرہ بھی ہو ناموسِ رسالت پر

تو جاں پر کھیل جاتے ہیں یہ پروانے محمدﷺ کے

سہیل ان کی ثناء کا حق ادا ہو ہی نہیں سکتا

حقیقت میں مراتب تو خدا جانے محمدﷺ کے


سید حشمت سہیل

No comments:

Post a Comment