Sunday, 20 July 2025

شمع غم ہجر کی راتوں میں جلاتا کیوں ہے

 شمع غم ہجر کی راتوں میں جلاتا کیوں ہے

اور جلاتا ہے تو پھر اس کو بجھاتا کیوں ہے

خون میں ڈوبی ہوئی تصویر کہاں تک دیکھوں

روز تُو شہر کی رُوداد سناتا کیوں ہے

جب انہیں تیرے ہی ہاتھوں سے اجڑنا ہے تو پھر

بستیاں اپنے علاقوں میں بساتا کیوں ہے

جن کو آتا نہیں شمشیر اٹھانے کا ہنر

تُو انہیں جنگ کے آداب سکھاتا کیوں ہے

صبح ہوتے ہی یہ ہو جائیں گے خود ہی خاموش

صبح سے پہلے چراغوں کو بجھاتا کیوں ہے

سُر بدل، تال بدل، ساز کی آواز بدل

ایک ہی دُھن پہ مجھے روز نچاتا کیوں ہے

زخم ایسا تو نہیں دل پہ لگا ہے تیرے

عشق میں شور انیس اتنا مچاتا کیوں ہے


انیس اشفاق

No comments:

Post a Comment