عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
تیرے قربان ہمیں راہ دکھانے والے
خوابِ غفلت سے زمانے کو جگانے والے
تیرے اخلاق کی ملتی نہیں دنیا میں نظیر
دشمنوں کو بھی کلیجے سے لگانے والے
حشر تک بجھ نہیں سکتا تِری عظمت کا چراغ
ظلمتِ کفر کو دنیا سے مٹانے والے
کر گیا کشتِ تمنائے جہاں کو شاداب
بن کے رحمت کی گھٹا دہر پہ چھانے والے
آج بھی ہے تِراﷺ پیغام چراغِ منزل
زندگی کے ہمیں اسرار بتانے والے
اٹھ کہ پھر کُفر کی ظُلمت نے ہمیں گھیر لیا
آ کہ پھر ہم کو ستاتے ہیں زمانے والے
ہم غلامانِ رسولِ عربیﷺ ہیں جعفر
یاد رکھیں ستم و جور کے ڈھانے والے
جعفر ملیح آبادی
No comments:
Post a Comment