Sunday, 26 October 2025

میں عاصی ہوں یہ مانا کام ہے میرا خطا کرنا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


میں عاصی ہوں یہ مانا کام ہے میرا خطا کرنا

مگر ہے آپﷺ کا شیوہ عطاؤں پر عطا کرنا

سماعت آپؐ کی ایسی کہ دھڑکن کی صدا سن لے

ضروری تو نہیں اپنی زباں سے التجا کرنا

سواری آ رہی ہے سیدہ زہراؑ کی محشر میں

ادب سے سر جھکا لو سب نہ اب اونچی نگاہ کرنا

نبیﷺ کے نام پر گھر بار اپنا سب لٹا ڈالا

کوئی سیکھے ذرا صدیقِ اکبرؓ سے وفا کرنا

بڑے ہی ہیں کریم آپس میں یہ فرمانِ ربی ہے

کبھی بھی آلؑ کو اصحابؓ سے نہ تم جدا کرنا

وفا کے بادشاہ عباسؑ کا درسِ وفا سن لو

وفا کرنا نبیؐ کی آلؑ سے لوگو وفا کرنا

مواجہہ تک تو جاتا ہوں مگر پھر لوٹ آتا ہوں

نہیں آسان ان کی جالیوں کا سامنا کرنا

کوئی تجھ سا بھی خوش قسمت نہیں الطاف دنیا میں

خدا نے لکھ دیا قسمت میں آقاﷺ کی ثنا کرنا


سید الطاف حسین کاظمی

No comments:

Post a Comment