Sunday, 19 October 2025

وزیروں کی اداکاری جو پہلے تھی سب اب بھی ہے

 وزیروں کی اداکاری جو پہلے تھی سب اب بھی ہے

وہی نس نس میں مکاری جو پہلے تھی سب اب بھی ہے

وہی مسجد، وہی مندر، وہی نفرت بھرے بھاشن

وہی تلوار دو دھاری جو پہلے تھی سب اب بھی ہے

کمیشن پر کمیشن کھا رہے ہیں دیش کے لیڈر

وہ بندر بانٹ سرکاری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

غریبی کا وہ انفیکشن،۔ وہ اینٹی بائیوٹک نعرے

وہ ڈی ڈی ٹی کی پچکاری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

شفا خانے بدل ڈالے،۔ بدل ڈالا طبیبوں کو

مگر سوکھے کی بیماری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

تھے پہلے کارواں خطرے میں اب ہیں ریل میں ڈاکے

سفر کرنے میں دشواری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

ہزاروں نعمتیں ہیں اپنے دستر خوان پر بے شک

مگر آلو کی ترکاری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

خدا رکھے وہ ساڑھے سات بچوں کی ہیں ماں لیکن

اداؤں میں وہ بمباری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

مری مسجد میں افطاری پہ اب تک روزہ داروں کی

وہی یلغار تاتاری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

زمانہ لاکھ برتے بے رخی، مسرور کو دیکھو

طبیعت میں ملن ساری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے


مسرور شاہجہانپوری

No comments:

Post a Comment