عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
مالک ارض سما کے خاص دلبر آپ ہیں
سارے نبیوں میں شفیعِ روزِ محشر آپ ہیں
جن و انسان و ملائک نے نہ پایا یہ شرف
٭نقیب جنت، ساقئ تسنیم و کوثر آپ ہیں
جگمگا اٹھا ہو جن کے حسن سے عرشِ بریں
نورِ حق خود جس کا شیدا ہے وہ گوہر آپ ہیں
یہ میرا ایمان کامل ہے کہ بعد اللہ کے
سب سے اعلیٰ، سب سے افضل، سب سے بڑھ کر آپ ہیں
حضرتِ آدم سے عیسیٰ تک رسول اور انبیاء
سب کے سب جتنے ہیں دریا ہیں سمندر آپ ہیں
ربِ ارنی گو کریں دیدار محبوبِ خدا
دیکھ لیں اللہ کے جلووں کا مظہر آپ ہیں
آپ ہی ہیں اس خطابِ خاص کا باعث عزیز
اشرف المخلوق کا پیکر سراسر آپ ہیں
عزیز نہٹوری
٭: یہ لفظ ٹھیک سے پڑھا نہیں جا رہا تھا کیونکہ امیج ہاتھ کی لکھائی پر مبنی تھا جو ٹھیک سے نہیں پڑھا جا رہا تھا
No comments:
Post a Comment