عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ازل کے رازداں تم ہو ہمارے رہنما تم ہو
خدائی تم پہ شیدا ہے، خدا کا آئینہ تم ہو
تمہارے ہی کرم کا آسرا ہے دونوں عالم پر
تمہاری دید سے زندہ ہیں، وہ جامِ بقا تم ہو
بدل کر صورتِ ظاہر نمایاں آپﷺ ہیں جگ میں
کہیں پہ خضرِ منزل ہو، کہیں پر مصطفیٰ تم ہو
تمہارے آستانے پر خدائی سر جھکاتی ہے
ظہورِ کُن فکاں تم ہو، خودی کے آشنا تم ہو
دلِ بیمارے کا تم ہی سہارہ ہو مِرے مولاؐ
ضلالت کے اندھیروں میں ہدایت کی ضیا تم ہو
میرے مولاؐ نگاہِ لطف ہو دنیا میں عقبیٰ میں
امامِ دین و دنیا، شافعِ روزِ جزا تم ہو
اثر آنکھیں ہماری نورِ رحمت سے منور ہیں
ہمارا ذکر کیا ہے، مقتدائے انبیاء تم ہو
اثر سعید
No comments:
Post a Comment