Friday, 11 December 2015

آگ سینے میں حسد کی پل رہی ہے یا نہیں

آگ سینے میں حسد کی پل رہی ہے یا نہیں
آپ کو شہرت ہماری کھل رہی ہے یا نہیں
آپسی رنجش ہی دل کو دَل رہی ہے یا نہیں
دشمنوں کی دال ہر سو گل رہی ہے یا نہیں
نفرتوں کی آندھیاں چلتی رہیں ہر دور میں
چاہتوں کی شمع پھر بھی جل رہی ہے یا نہیں
کارگاہِ زیست میں دکھلا کے ہم کو سبز باغ
اے حسیں دنیا ہمیں تُو چھل رہی ہے یا نہیں
زندہ رہنے کے لیے کیا کیا نہیں کرتا کوئی
زندگی کی شام لیکن ڈھل رہی ہے یا نہیں
اے مِری چاہت کی نگری دل پہ رکھ کر ہاتھ دیکھ
مجھ کو کھو کر ہاتھ اپنے مل رہی ہے یا نہیں
چاہتوں کی جھیل میں فرقت کے پتھر پھینک کر
'پوچھتے ہو مجھ سے تم 'ہلچل رہی ہے یا نہیں
میری چشمِ شوق ان کی دید کی حسرت لیے 
کاش وہ بھی جانتے جل تھل رہی ہے یا نہیں
میں تو پاگل ہوں تری چاہت میں تیرے پیار میں
زندگی مجھ پر بھی تو پاگل رہی ہے یا نہیں
کشتیِ دل پار اتری یا نہیں راغبؔ مِری
خواہشوں کی ہر طرف دلدل رہی ہے یا نہیں

افتخار راغب

No comments:

Post a Comment