تتلیوں کا رنگ ہو یا جھومتے بادل کا رنگ
ہم نے ہر اک رنگ کو جانا تِرے آنچل کا رنگ
تیری آنکھوں کی چمک ہے ستاروں کی ضیا
رات کا ہے گھپ اندھیرا یا تِرے کاجل کا رنگ
دھڑکنوں کے تال پر وہ حال اپنے دل کا ہے
پھینکنا تم سوچ کر لفظوں کا یہ کڑوا گلال
پھیل جاتا ہے کبھی صدیوں پہ بھی اک پل کا رنگ
آہ، یہ رنگین موسم خون کی برسات کا
چھا رہا ہے عقل پر جذبات کی ہلچل کا رنگ
اب تو شبنم کا ہر اک موتی ہے کنکر کی طرح
ہاں اسی گلشن پہ چھایا تھا کبھی مخمل کا رنگ
پھر رہے ہیں لوگ ہاتھوں میں لیے خنجرکھلے
کوچے کوچے میں اب آتا ہے نظر مقتل کا رنگ
چار جانب جس کی رعنائی کے چرچے ہیں قتیلؔ
جانے کب دیکھیں گے ہم اس آنے والی کل کا رنگ
قتیل شفائی
No comments:
Post a Comment