Friday 25 March 2016

یہ اس بیمار کے جاگنے کی آخری شب تھی

ساحر کے لیے

یہ اس بیمار کے جاگنے کی آخری شب تھی
وہ اک بیمارِ غم جو زندگی بھر کم سے کم سویا
نہ وہ جی بھر کے خود سویا نہ کوئی اس کا غم سویا
مگر اب کے اب وہ اپنے درد کی قسم کھا کر سویا
کبھی پہلے نہیں تھی بے قراری جو اسے اب تھی
یہ اس بیمار کے جاگنے کی آخری شب تھی

اسے معلوم تھا اس کا لہو ہے سرد ہونے کو
کھِلا تھا اس کا چہرہ آج کی شبِ زرد ہونے کو
دوا تھی منتظر اس کی سراپا درد ہونے کو
نہ وہ خاطر میں لایا حسرتوں کے گرد ہونے کو
بھلا حسرت کوئی اس ناتواں پر مہرباں کب تھی
یہ اس بیمار کے جاگنے کی آخری شب تھی

جو باقی مے تھی اس کی زندگی کے آبگینے میں 
وہ مے اس نے ملا  دی موت کے ٹھنڈے پسینے میں
پھر اس کے بعد جا بیٹھا وہ اک ٹوٹے سفینے میں 
اترنا تھا اسے دریا کے ناہموار سینے میں 
وہ دریا چند برسوں سے روانی جس کی بے ڈھب تھی
یہ اس بیمار کے جاگنے کی آخری شب تھی

غزالاں خوب واقف ہیں کہ ماتم ہو رہا ہو گا
دِوانہ مر گیا، ویرانہ اس کو رو رہا ہو گا
وہ خود ہی جانتا تھا جو بھی غم اس کا رہا ہو گا
مگر اب چین سے اپنی لحد میں سو رہا ہو گا
سنا ہے جب وہ سویا مسکراہٹ زینتِ لب تھی
یہ اس بیمار کے جاگنے کی آخری شب تھی

قتیل شفائی

No comments:

Post a Comment