Saturday, 26 March 2016

پہلو میں تھی بہار ابھی کل کی بات ہے

پہلو میں تھی بہار ابھی کل کی بات ہے
دل تھام حریمِ یار ابھی کل کی بات ہے
وہ مل گئے تو ہم کو ہوئی قدرِ زندگی
جینا تھا ناگوار ابھی کل کی بات ہے
وہ شدت الم ہے کہ اب آنکھیں نم نہیں
رہتے تھے اشکبار ابھی کل کی بات ہے
جھپکی جو ذرا آنکھ تو پہلو سے دل گیا
کتنا تھا اعتبار ابھی کل کی بات ہے
بیٹھے ہیں آج دردِ محبت پہ مطمئن
آتا نہ تھا قرار ابھی کل کی بات ہے
اب ایک برہمی کے سزاوار بھی نہیں
حاصل تھا ان کا پیار ابھی کل کی بات ہے
کرتے ہیں آج طنز قبائے بہار پر
دامن تھا تار تار ابھی کل کی بات ہے
وہ آ گئے قریب تو محسوس یہ ہوا
برسوں کا انتظار ابھی کل کی بات ہے
اقبالؔ آج غنچہ و گل پر بھی حق نہیں
اپنی ہی تھیں بہار ابھی کل کی بات ہے

اقبال صفی پوری

No comments:

Post a Comment