Monday, 28 March 2016

اگر تجھے ہی نہ محسوس دکھ ہوا میرا

اگر تجھے ہی نہ محسوس دکھ ہوا میرا
تو پھر خدا سے بھی بنتا نہیں گِلہ میرا
تُو مجھ سے ملنے کسی مصلحت سے آیا تھا
کہ تجھ سے ملتے ہوئے دم بہت گھٹا میرا
مِرے گریز میں کچھ دن بسر تو کر مِری جاں
تو اپنے آپ میں پائے گا واقعہ میرا
مِرے وجود کی آب و ہوا زمینی نہیں
تِرے حواس سے باہر ہے ذائقہ میرا
تِرے بدن کی حرارت بھی خوب ہے لیکن
میں کیا کروں کہ الگ ہے معاملہ میرا
بنام مذہب و ملت تفرقہ بازی کیوں؟
میں آدمی ہوں اور آدمؑ ہے سلسلہ میرا
جو کارِ عشق میں خواہش کو مسترد سمجھے
اس ایک دل پہ کھلے گا مکاشفہ میرا
جہاں کے لوگ مِرے لوگ، سارے گھر مِرے گھر
جو سب کا دکھ ہے وہی دکھ ہے مسئلہ میرا
یہ میری راہ پہ آتے ہوئے سنہری نفوس
چمک رہے ہیں تو سچا ہے تجربہ میرا
تُو اہلِ عشق سے ہے اور نہ اہلِ حیرت سے
سو، تجھ سے کیسے چلے گا مکالمہ میرا؟
میں اپنی ذاتی توجہ سے جل رہا ہوں علی
بگاڑ کچھ نہیں پائے گی یہ ہوا میرا

علی زریون

No comments:

Post a Comment