Wednesday 30 March 2016

ریت پہ جب تصویر بنائی پانی کی

ریت پہ جب تصویر بنائی پانی کی
صحرا نے پھر خاک اُڑائی پانی کی
خون کی ندیاں بہہ جانے کے بعد کھُلا
دونوں کے ہے بیچ لڑائی پانی کی
کشتی کب غرقاب ہوئی معلوم نہیں
آنکھوں نے تصویر بنائی پانی کی
ہم تو خون جلا کر بھُوکے رہتے ہیں
کھاتے ہیں کچھ لوگ کمائی پانی کی
اس میں جتنے لوگ بھی اُترے ڈُوب گئے
کون بتائے اب گہرائی پانی کی
منہ میں اب تک اس کی لذت باقی ہے
جو نمکینی تھی صحرائی پانی کی
میری خاطر خاک میں جو تحلیل ہوئے
یاد آئے تو یاد نہ آئی پانی کی
آج وہ مجھ کو ٹُوٹ کے یاد آیا توقیرؔ
آنکھوں میں پھر رُت گدرائی پانی کی

توقیر عباس

No comments:

Post a Comment