گر کسی چشمِ گہر بِیں سے شناسا ہوتا
میں وہ سِکہ تھا کہ ہر ملک میں چلتا ہوتا
شاخِ دل اب بھی لچکتی ہے اسی حسرت میں
کاش اِس پر بھی پرندہ کوئی بیٹھا ہوتا
موجۂ بادِ خبر! گرم مزاجی اتنی
قیس جیسا تو کوئی ہو نہیں پایا، لیکن
ایک امید کہ ہو جاؤں گا ہوتا ہوتا
اب تو اس شہر کے حالات سے بھی ڈرنے لگے
ہم، کہ صحرا ؤں میں دیکھ آئے ہیں کیا کیا ہوتا
تتلیو! آنکھ سے سب رونقِ نظارہ ہے
یہ نہ ہوتی تو کہاں رنگ کا چرچا ہوتا
ق
تم بجا کہتے ہو، آخر یہی ہونا ہوتا
پھر بھی حالات سے لڑ لیتے تو اچھا ہوتا
یہ مداوا تو نہیں ہے شبِ تنہائی کا
شمعِ امید جلا لیتے تو اچھا ہو تا
صرف اک ہجر کے وقفے پہ اداسی اتنی
تم کسی کے بھی نہ ہو سکتے تو کیسا ہوتا
سوچتا ہوں میں تِرے بعد کسی کا ہو کر
تُو بھی اس بھیڑ میں ہوتا تو اکیلا ہوتا
رحمان حفیظ
No comments:
Post a Comment