Monday, 29 March 2021

کسے خبر تھی کہ اس کو بھی ٹوٹ جانا تھا

 کسے خبر تھی کہ اس کو بھی ٹوٹ جانا تھا

ہمارا آپ سے رشتہ بہت پرانا تھا

ہم اپنے شہر سے ہو کر اداس آئے تھے

تمہارے شہر سے ہو کر اداس جانا تھا

صدا لگائی، مگر کوئی بھی نہیں پلٹا

ہر ایک شخص نہ جانے کہاں روانہ تھا

یوں چپ ہوا کہ پھر آنکھیں ہی ڈبڈبا اٹھیں

نہ جانے اس کو ابھی اور کیا بتانا تھا

کسے پڑی تھی مِرا حال پوچھتا مجھ سے

مجھے تو رسم نبھانی تھی مسکرانا تھا

بھنک نہ جانے یہ کیسے لگی ہواؤں کو

کہ مجھ کو راہ گزر پر دِیا جلانا تھا

چھپی تھی اس میں ہی تمہید بھی جدائی کی

ہمارا آپ سے ملنا تو اک بہانہ تھا

تجھے خبر ہی نہیں میرے جیتنے والے

تِرے لیے تو ہمیشہ ہی ہار جانا تھا

نگاہ شوق سے یوں غیر کو تِرا تکنا

نواز اور نہیں کچھ مجھے ستانا تھا


سرفراز نواز

No comments:

Post a Comment