Monday 29 March 2021

نہ ماہرو نہ کسی ماہتاب سے ہوئی تھی

 نہ ماہرو نہ کسی ماہتاب سے ہوئی تھی

ہمیں تو پہلی محبت کتاب سے ہوئی تھی

فریبِ کُل ہے زمیں، اور نمونۂ اضداد

کہ ابتدا ہی گناہ و ثواب سے ہوئی تھی

بس ایک شب کی کہانی نہیں کہ بھُول سکیں

ہر ایک شب ہی مماثل عتاب سے ہوئی تھی

وجود چشم تھا ٹھہرے سمندروں کی مثال

نمود حالتِ دل اک حباب سے ہوئی تھی

جزائے عشقِ حقیقی رہی طلب اپنی

خطائے عشقِ مجازی جناب سے ہوئی تھی

اسی سے تیرہ شبی میں ہے منظروں کا وجود

وہ روشنی جو مشیّت کے باب سے ہوئی تھی

وہی تو جہدِ مسلسل کی ابتدا تھی علی

جب آشنائی قدم کی رکاب سے ہوئی تھی


علی مزمل

No comments:

Post a Comment