Monday 26 April 2021

تم سے مل کر یہ لگا خود سے ملاقات ہوئی

 تم سے مل کر یہ لگا خود سے ملاقات ہوئی

آج یہ بابِ محبت میں نئی بات ہوئی

اب نہ پہلی سی توجہ نہ وہ پہلا سا سلوک

ختم اب جیسے ہر اک رسمِ مراعات ہوئی

چَھٹ گئے سر سے مِرے رنج و الم کے بادل

رات بھر آنکھوں سے اشکوں کی وہ برسات ہوئی

ہم مسافر تھے رہِ عشق کے یا خانہ بدوش

دن کہیں ہم نے گزارا تو کہیں رات ہوئی

ہم سے انسانوں کی اس عالمِ ہستی میں بھلا

کس کو معلوم ہے کیسے بسر اوقات ہوئی

آخری وقت میں وہ آئے ہیں پُرسش کو مِری

فصلِ جاں سُوکھ گئی اپنی تو برسات ہوئی

فوزیہ مل ہی گئی منزلِ مقصود ہمیں

شکر ہے گردشِ ایام کو بھی مات ہوئی


فوزیہ مغل

No comments:

Post a Comment