Monday 26 April 2021

دشت وحشت میں کوئی پھول کھلانا ہو گا

 دشتِ وحشت میں کوئی پھُول کھِلانا ہو گا

بامِ امید کو اب پھر سے سجانا ہو گا

اب تِرا وصل یہاں میرے مقدر میں نہیں

تجھ کو پانے کے لیے جان سے جانا ہو گا

اس نے اب کے میرا کردار بنایا ہے ہدف

مال و زر بیچ کے عصمت کو بچانا ہو گا

دعویٰ کرتا ہے بہت ہم سے محبت کا مگر

یہ بھی کہتا ہے زمانے سے چھُپانا ہو گا

وہ جو لکھی تھی کبھی خونِ جگر سے ہم نے

اس عبارت کو صحیفے سے مٹانا ہو گا

اک نئی جنگ سے اب خود کو بچانے کے لیے

ہمیں ہاتھوں میں کتابوں کو اُٹھانا ہو گا

ہم نے دل چیر کے جب زخم دِکھایا ان کو

ہنس کے وہ بولے کہ یہ گھاؤ پرانا ہو گا

حق و باطل کی لڑائی ہے فرح تم کو بھی

اب کفن باندھ کے میدان میں آنا ہو گا


فرح کامران

No comments:

Post a Comment