Tuesday 22 February 2022

دیکھ کر مجھ کو مِِری شوخ بڑی ہنستی ہے

 دیکھ کر مجھ کو مِری شوخ بڑی ہنستی ہے

مجھ سے اک شعر کی دوری پہ کھڑی ہنستی ہے

خود کو آواز جو دیتا ہوں تِرے لہجے میں

میرے کمرے میں ہر اک چیز پڑی ہنستی ہے

تیرا مہجور تو بس تیری خوشی میں خوش ہے

سرِ مژگان سو اشکوں کی لڑی ہنستی ہے

سوچ تو ربط کے امکان بنانے پہ بضد

اور زنجیر کی ہر ایک کڑی ہنستی ہے

وائے بر حال کہ رحمت بھی کہیں زحمت ہے

صحنِ مفلس میں ٹھہر کر جو جھڑی ہنستی ہے

خود کو رستے میں گرا آتا ہوں عجلت میں شہیر

اور کلائی سے بندھی مجھ پہ گھڑی ہنستی ہے


شہیر تہامی

No comments:

Post a Comment