Thursday, 21 April 2022

جگر کو خون کئے دل کو بے قرار ابھی

 جگر کو خون کئے دل کو بے قرار ابھی

بھٹک رہے ہیں تِرے عشق میں ہزار ابھی

اسی لیے تو یہ دنیا دُھلی دُھلی سی لگے

تِرے فراق میں روئے ہیں زار زار ابھی

ادائے خار سے گلشن کی بڑھ گئی زینت

اگرچہ پھولوں کے دامن ہیں تار تار ابھی

سیاہ بخت فضاؤں میں دل ہوا بد ظن

تِری زبان کے تیور ہیں آبدار ابھی

ابھی نہ نکلے گا حاصل ہماری باتوں کا

تمہارے سر پہ ہے سایہ کوئی سوار ابھی

یہ دیکھتے ہیں کہ کل رنگ صبح کیا ہو گا

کہ آفتاب کا عالم! ہے انتظار ابھی


افروز عالم

No comments:

Post a Comment