Monday 20 February 2023

کبھی اندر کبھی باہر سے بدل ڈالتا ہے

 کبھی اندر کبھی باہر سے بدل ڈالتا ہے

میرا ہونا مِرے ہونے میں خلل ڈالتا ہے

میں تو آئینہ ہوں آئینہ مِرے یار تِرا

کیوں مجھے دیکھ کے تو ماتھے پہ بل ڈالتا ہے

آریاں چلنے لگیں اب تو ہرے پیڑ پہ بھی

کون اب سوکھے ہوئے پودوں کو جل ڈالتا ہے

کی تو ہے اس نے عطا صبر کی توفیق ہمیں

دیکھیں کب جھولی میں وہ صبر کا پھل ڈالتا ہے

کون لمحات کو تسبیح کے دانوں کی طرح

پھیرتا جاتا ہے اور وقت بدل ڈالتا ہے

کبھی فن کو مِرے فاقہ نہیں کرنا پڑتا

مِرے کاسے میں کوئی تازہ غزل ڈالتا ہے


راجیش ریڈی

No comments:

Post a Comment